ایک نیوز: بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرکے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے اور تینوں دہشت گرد رات کے وقت کار کے ذریعے لکی مروت سے پشاور جا رہے تھے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھاکہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عمرزمان،سلیم عرف ملنگ اور احمد نبی کے ناموں سے ہوئی ہے، تینوں دہشتگرد ٹارگٹ کلرز ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا پولیس نے ڈسٹرکٹ ٹانک کے تھانہ گومل پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹانک کے تھانہ گومل پر ہفتے کی شب دس بجے 10 سے 15 دہشت گردوں نے حملے کی نیت سے پیش قدمی کی۔
حکام کے مطابق پولیس نے دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت کا جدید ٹیکنالوجی سے مشاہدہ کیا اور بھرپور ردعمل دیا۔ جس کے بعد دہشت گردوں سے تقریباً 15 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور انہوں نے پیش قدمی روک دی۔
پولیس کی بھرپور کارروائی پر دہشت گرد پسپا ہوئے اور بھاگنے پر مجبور ہوگئے، اس دوران کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی اہلکار زخمی ہوا۔
آئی جی خیبرپختونخوا حیات خان نے ایس ایچ او گومل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اہلکاروں کی تعریف کی اور انہیں پچاس ہزار روپے نقد جبکہ تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔