کینیڈا: امریکی جنگی طیارے نے فضائی حدود میں اڑتی ناقابل شناخت شے کو مارگرایا

Feb 12, 2023 | 09:42 AM

ایک نیوز: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کے احکامات پر امریکی جنگی طیارے نے شمالی کینیڈا کی فضاؤں میں اڑتی ناقابل شناخت شے کو مار گرایا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا احکامات ملتے ہی امریکی اور کینیڈین افواج کی مشترکہ  کارروائی میں امریکی ایف 22 جنگی طیارے نے   شمالی کینیڈا کے علاقے یوکون کے اوپر اڑتی ناقابل شناخت شے کو  مار گرایا ہے۔

جسٹن ٹروڈو  کی ٹوئٹ سے قبل نارتھ امریکن ائیرو ڈیفنس کمانڈ (NORAD) نے کہا تھا کہ کینیڈا کے فضائی حدود میں ایک ناقابل شناخت شے کو اڑتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں جسٹن ٹروڈو نے لکھا کہ انہوں نے امریکی صدر سے بات کی ہے اور اب کینیڈین افواج اس شے کے ملبے کو جمع کرنے کا بعد اس کا تجزیہ کریں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کی جانب سے بھی الاسکا کے اوپر اڑتی کسی ناقابل شناخت شے کو مارگرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل امریکا نے مشتبہ چینی جاسوس غبارہ مار گرایا تھا۔

مزیدخبریں