ویب ڈیسک:جونیئر عالمی ہاکی کپ کے کوارٹرفائنل میں اسپین پاکستان کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
جونیئر عالمی ہاکی کپ کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
کوالالمپور میں جونیئر عالمی ایونٹ کا آخری کوارٹر فائنل پاکستان اور اسپین کے درمیان ہوا، پاکستان کی جانب سے کھیل کے 12ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے برتری دلائی جو پہلے ہاف کےاختتام تک برقرار رہی۔
اسپینش ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کھیل کے تیسرے کوارٹر میں یکے بعد دیگرے چار گول کرکے فتح کو یقینی بنادیا۔
گول کیپر عبدالرافع کا کھیل مایوس کن رہا، پنالٹی کارنر پر وہ دو مرتبہ آسان گیند کو نہیں روک سکے۔
اسپینش ٹیم کی جانب سے تیسرے کوارٹر کے 37ویں، 38ویں، 41ویں اور 45ویں منٹ میں گول اسکور کئے گئے، پاکستان کی جانب سے دوسرا گول پنالٹی کارنر پر 43ویں منٹ میں سفیان خان نے اسکور کیا۔
اسپین کی فتح کے ساتھ ہی جونیئر ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی جہاں جرمنی کا مقابلہ انڈیا سے ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل فرانس اور اسپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان 5ویں تا 8ویں پوزیشن کے میچز کیلئے14 دسمبر کو آسٹریلیا کے مدمقابل آئے گا۔
جونیئر عالمی ہاکی کپ: اسپین پاکستان کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
Dec 12, 2023 | 19:22 PM