پی ٹی آئی کے پاس 70 فیصد عوام کی اکثریت ہے: چیئرمین پی ٹی آئی

Dec 12, 2023 | 13:16 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اس وقت پی ٹی آئی کے پاس 70 فیصد عوام کی اکثریت ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اگر بلے کا نشان چھیننے کی کوشش کی گئی تو یہ 70 فیصد عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس طرح ہم نے الیکشن کروائے تھے 170 پارٹیوں نے نہیں کروائے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے یہ عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ہمیں اس پر یقین ہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہمارے لوگ گرفتار ہو رہے ہیں۔

علی ظفر کا کہنا ہے کہ چاہیں گے کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرے، یہ کہنا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ الیکشن ہوں گے یہ غلط ہے، درخواستیں مسترد کر دینی چاہیے تھیں لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2019ء کے آئین کے تحت انتخابات کروائے ہیں، یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ بلا مقابلہ کیسے منتخب ہو گئے، الیکشن ایکٹ 2017ء میں بھی ایسی کوئی بات نہیں، الیکشن کمیشن کا کام بس یہ دیکھنا ہے کہ الیکشن ہوئے یا نہیں ہوئے۔

علی ظفر کا یہ بھی کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ الیکشن کی تاریخ 8 فروری میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، 14 دسمبر تک الیکشن شیڈول آ جانا چاہیے، پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کرا دیے ہیں، ہم سے بلے کا نشان کیوں چھینا جائے، جو شخص پارٹی کا ممبر نہیں، ووٹر نہیں، اس کا انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی جواز نہیں۔

مزیدخبریں