عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

Dec 12, 2023 | 10:13 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔

تفصیلا ت کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواستِ ضمانت پر سماعت کی، بشریٰ بی بی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 3 درخواست ضمانت انسداد دہشت گردی عدالت نے منظور کرلی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جائے وقوعہ پر موجود بھی نہیں تھے، ان کی عدالت پروڈکشن کے لیے عدالت نے رپورٹ طلب کی ہے۔

جج نے استفسار کیا کہ پروڈکشن رپورٹ کہاں ہے؟ پراسیکیوٹر کمرۂ عدالت میں کیوں نہیں؟۔

 پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش نہیں کرنا چاہ رہی۔

جج نے پی ٹی آئی وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ نے روایت ڈالی کہ جہاں آپ ہوں وہیں عدالت پیش ہو جاتی ہے۔

 پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ عدالت میں پیش کرنے کی رپورٹ طلب کرتا ہوں، آئندہ تاریخ تک طے کرتے ہیں سماعت کہاں ہوگی؟۔ بشریٰ بی بی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا کیا سٹیٹس ہے؟

وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس پر رپورٹ پینڈنگ ہے۔

بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں19 دسمبر تک جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کردی ۔

مزیدخبریں