ایک نیوز: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ میں کشمیریوں کے ساتھ انصاف کا قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری پاکستانی قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے، عدالتی توثیق کی قانونی اہمیت نہیں ہے، معاملہ اقوام متحدہ میں ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ دفعہ 370 یا 35اے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، بی جے پی کی مسلمان اور اسلام دشمنی کھل کر واضع ہو گئی ہے، بھارتی عدالتی فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، کشمیرں کو غلام نہیں بنایا جاسکتا۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں یک زبان ہو کر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں، کشمیری اپنے آپ کو تنہا اور بے بس محسوس نہ کر یں، ساری پاکستانی قوم اس ظلم کے خلاف ان کے ساتھ کھڑی ہے۔