پنجاب حکومت نے صوبے میں کفایت شعاری پالیسی جاری کردی

Dec 12, 2022 | 12:55 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: پنجاب حکومت نے صوبے میں کفایت شعاری پالیسی جاری کردی، جس کے مطابق گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگاتے ہوئے کئی معاملات پر اخراجات کمیٹی کی منظوری سے مشروط کردیے۔

تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے لیے اقتصادی اقدامات کرتے ہوئےپنجاب کی کفایت شعاری پالیسی 5 ماہ کی تاخیر سے جاری کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے تمام خودمختار اداروں، کارپوریشنوں کے سربراہوں کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں، جس میں  بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کے پیسے کے استعمال میں انتہائی کفایت شعاری کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مالیاتی انتظام، مالی نظم و ضبط کی پابندی، ضروری اور بنیادی تنظیمی افعال/سرگرمیوں پر سمجھوتا کیے بغیر اخراجات میں معقول کمی کی جائے گی۔کابینہ کے حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں منظوری کے بعد کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ 7 رکنی کمیٹی کے سربراہ وزیر خزانہ پنجاب ہوں گے۔

کفایت شعاری/معیشت کے اقدامات تمام سرکاری محکموں، مقامی حکومتوں، پبلک سیکٹر کی کمپنیوں اور اتھارٹیز، خود مختار اداروں، منسلک محکموں اور خصوصی اداروں پر فوری طور پر لاگو ہوں گے۔ منصوبے کے مطابق نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔

مزیدخبریں