ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رواں سال 10 لاکھ نوجوانوں کو سمارٹ فون دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی یوم نوجوان پر پرائم یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا،ہم سب نوجوانوں کا عالمی دن منا رہے ہیں،یوم آزادی کی بھی آمد آمد ہے۔
انہوں نے کہا نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، پاکستان کے نوجوان انتہائی با صلاحیت ہیں،نوجوانو ں کیلئے پروگرامز کے حوالے سے ویڈیوز دیکھ کر یقین ہے ملک کا مستقبل روشن ہے،ہمیں نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا لاکھوں نوجوانوں کو آئی ٹی کے حوالے سے کاروبار کیلئے بغیر سود قرضے دیئے جائیں گے، مشن مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں،ہم نے ماضی میں جھانک کر رونا نہیں بلکہ اب ہم نے آگے بڑھنا ہے،اس سال 10لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پرسمارٹ فون دیں گے، طلبہ کے لئےلیپ ٹاپ سکیم بھی چلتی رہے گی، اللہ تعالیٰ نے مجھے قوم کی خدمت کرنے کا موقع دیا،جتنا شکر ادا کروں کم ہے،رب سے دعا ہے کہ میں آپ کا خادم بن کر خدمت کروں ۔
انہوں نے کہا ملک کے کروڑوں بچے ،بچیوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہے،ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہونا ہوگا،وعدہ ہے جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کیلئے نوجوانوں کے قدموں میں وسائل رکھ دوں گا،قائد نواز شریف کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کے لئے اقدامات کئے ،ہمیں آگے بڑھنا ہے تو ہم سب کو مل کر اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔
ان کا مزید کہناتھا اشرافیہ کی بیٹیوں کی شادیاں کبھی یورپ میں ہوتی ہیں کبھی امریکا میں، چین کو دیکھاجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلاب لے کر آئے، چین کی کامیابیاں مصمم ارادے کے باعث ممکن ہوئیں، ایک ہزار زرعی گریجو ایٹس کو ہم چین بھجوائیں گے،ہواوے میں 2لاکھ بچوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں ٹریننگ دلوائیں گے، دانش سکول کم ترقی یافتہ علاقوں میں قائم کئے گئے،ہاکی سمیت تمام کھیلوں میں اصلاحات کریں گے، ارشد ندیم پر ہمیں فخر ہے، ارشد ندیم نے بتادیا جذبہ جوان ہو تو آپ کو اپنا مقصد حاصل کرنےمیں کوئی نہیں روک سکتا ۔