پنجاب میں امام صاحب کو خوش آمدید کہتے ہیں،پاکستان انکا گھر ہے:مریم نواز

Aug 12, 2024 | 16:40 PM

ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے مسجد نبوی کے امام جناب ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے وزیراعلیٰ آفس پہنچنے پر ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکا پرتپاک استقبال کیا۔
 وزیر اعلی مریم نواز شریف کی سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور عمر میں خیر وبرکت کی دعا، مریم نواز کا کہنا تھا کہ اہل پنجاب کی طرف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان ان کا گھر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد محمد نوازشریف کے ساتھ سعودی شاہی خاندان کی دوستی اوررفاقت قابل رشک ہے، اتنا لاہورکا پتہ نہیں لیکن مدینہ منورہ کی ہر ہر گلی کا علم ہے،وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات اچھی رہی،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اورمیرا مشن بھی یہی ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اخلاص کے ساتھ سعودی عرب کے عوام کی خدمت کررہے ہیں ، قرآن اورسنت کے بعد سعودی عرب میں امام کعبہ اور امام مسجد نبوی سے رہنمائی لیتے ہیں، امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی قرات سن کر رقت طاری ہوجاتی ہے اورایمان تازہ ہوجاتا ہے، امام مسجد نبوی کی تشریف آوری ہر پاکستانی کا اعزاز ہے۔
امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا اہل پنجاب کیلئے خادم الحرمین الشرفین اور اہل مدینہ کی نیک خواہشات کا پیغام ،مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرنے پرتپاک استقبال پروزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا ۔
  امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب آسمان پر اکٹھے چمکنے والے دو قطبی ستاروں کے مانند ہیں، پاکستان اورسعودی عرب سٹرٹیجک دوست ہیں،ماضی میں بھی تھے اور آئندہ بھی رہیں گے،نوازشریف پاکستان کے دوست ہیں،ان کی لیڈر شپ پاکستان کیلئے بہتری اور فلاح کا باعث ہے۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہا کہ مریم نوازبیٹی ہونے کے ناطے انکے نقش قدم پر چل رہی ہیں، و ز یر اعلیٰ مریم نوازشریف کی گفتگو نے دل خوش کیا، دعا ہے اللہ تعالی اہل پاکستان کی محبت کو برقرار رکھے ، پنجا ب میں آمد پر بھرپورمہمان نوازی ہوئی،کوئی کمی محسوس نہیں کررہا،مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بہن کہا اور مدینہ منورہ حاضری کی دعوت دی۔
  امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے پاکستان کی ترقی،عوام کی خوشحالی اورخیرو برکت کیلئے دعا بھی کرائی ،سعودی عرب کےپاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی،ڈی جی منسٹری آف اسلامک افیئر مہتاب محمد الگدائی،عبدالرحمان عبدالکریم الحربی، ڈائریکٹر پروٹوکول ہانی عبیدالرمضانی اورپبلک ریلیشنز اینڈ پروٹوکول آفیسر زاہد ملک بھی موجود تھے ،سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اوردیگربھی موجود تھے۔    

مزیدخبریں