ایک نیوز:آج نوجوانوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےاپنے پیغام میں کہا ہے کہ نو جو ا نوں کا عالمی دن منانے کا مقصد اس امر کا اعتراف کرنا ہے کہ نوجوان اس دنیا کے مستقبل کے معمار اور تبدیلی کا اصل محرک ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور مواقع کا یہ ملاپ نوجوانوں کو اپنی خواہشات کو ٹھوس نتائج میں بدلنے کی طاقت فراہم کرتا ہے تاکہ وہ ایک پائیدار اور مساوی مستقبل کی راہ ہموار کر سکیں، 30سال سے کم عمر کی 60% آبادی کے ساتھ پاکستان ایک بڑی نوجوان آبادی کا حامل ملک ہے جو تیزی سے عالمی ڈیجیٹل منظر نامے سے جڑ رہا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان اپنے اندر مثبت تبدیلی کے محرک بن سکتے ہیں، آج کے دن ہم پاکستان کی نوجوان آبادی کی استعداد سے پوری طرح استفادہ حاصل کرنے اور ان کے لئے یکساں مواقع سے بھرپور سازگار ماحول پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ،2013میں ہم نے یوتھ لون اینڈ ایگریکلچرل سکیم متعارف کرائی جس کے اب خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک، ہم نے 280,000 سے زیادہ نوجوانوں میں کاروبار کی لیے تقریباً 186 بلین روپے تقسیم کیے ہیں جس سے ملک بھر میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں،یوتھ بزنس لون سکیم کو ہماری حکومت کے دوران ری سٹرکچر کیا گیا تھااور ہم نے مائیکرو فنانس اداروں کو بھی بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لیے شامل کیا تھا، ہم اس اقدام کے دائرہء کار کو وسیع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران 100 ارب روپے اضافی مختص کرنے کے منصوبے کے ساتھ ملک بھر میں تقریباً 300,000 نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنایا جائے گا، ہمارا یوتھ پروگرام ایک جامع نقطہ نظر کا حامل منصوبہ ہے جو نوجوانوں کو ہنر مندی کے فروغ کے پروگرام کے ذریعے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے، یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی فراہم کرتا ہے، اور ہماری یوتھ لون سکیموں کے ذریعے مالی مدد فراہم کرتا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن پر کہا ہے کہ نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں، پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے اور لیڈر ہیں، ہمارا فرض ہے کہ نوجوانوں کو صلاحیتیں نکھارنے، خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں۔