کووڈ 19 کی نئی قسم کے کیسز میں 80 فیصد اضافہ

Aug 12, 2023 | 20:24 PM

ایک نیوز: عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ عالمی سطح پر کووڈ 19 کے نئے ذیلی متغیر سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں 80 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے مئی میں کووڈ کو عالمی سطح پر ایمرجنسی کی فہرست سے نکالا ہے لیکن اس متعلق خبرداربھی کیا ہے کہ یہ وائرس موجودرہے گا اور شکلیں بدل کر سامنے آتا رہے گا جس کے نتیجے میں وقتاً فوقتاً انفیکشن کی تعداد، اسپتال کے داخلوں اور اموات میں اضافہ ہوگا۔

اقوامِ متحدہ کی ذیلی ایجنسی کے مطابق  دنیا بھر میں 10 جولائی سے 6 اگست کے درمیان 15 لاکھ کے قریب نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔ یہ تعداد گزشتہ سے پیوستہ 28 ایام کے مقابلے میں 80 فی صد زیادہ ہے۔ البتہ، اموات کی شرح 57 فی صد گرنے کے بعد تعداد 2500 تک آگئی ہے۔

 ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ کیسز اور اموات کی رپورٹ کی گئی تعداد حقیقی اعداد و شمار کی عکاسی نہیں کرتے کیوں کہ کووڈ کے ابتدائی دور کے برعکس اب ٹیسٹنگ اور نگرنی کم کی جارہی ہے۔

ادارے کے مطابق نئے کیسز کی زیادہ تر تعداد مغربی پیسیفک سے سامنے آرہی ہے، جہاں انفیکشن کی شرح میں 137 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بدھ کے روز ڈبلیو ایچ او نے اومیکرون کے ذیلی متغیر ای جی پوائنٹ 5 کو ’ویریئنٹ آف انٹریسٹ‘ قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں