ایک نیوز: منڈی بہاوالدین میں آن لائن بزنس کرپٹو کرنسی میں 14 لاکھ روپے لگا کر ڈالر کمانے کا خواب دیکھنے والے 24 سالہ نوجوان عبدالمتین گورائیہ نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق منڈی بہاؤالدین واسو کے رہائشی 24 سالہ نوجوان عبدالمتین گورائیہ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے آن لائن کرپٹو کرنسی میں عزیزواقارب اور دوستوں سے 14 لاکھ جمع کر کے انوسٹمنٹ کر دی تاکہ وہ ڈالر کما کر دو ماہ بعد ہونے والی شادی کی خوشیاں پوری کر سکے۔
شہری نے شروع شروع میں پرافٹ ملنے پر زیادہ انویسٹمنٹ کر دی لیکن 8 ماہ بعد جب اسے یہ معلوم ہوا کہ اس کے ساتھ کرپٹو کرنسی کی ویب پر فراڈ ہوگیا ہے اور وہ اب وہ ادھار کی رقم بھی واپس نہیں کر سکے گا تو اس نے میاں وحیدالدین پارک میں جا کر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ نوجوان کی لاش گھر پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا بہن بھائی دیکھ کر ہواس کھو بیٹھی جیسے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا گھر والوں نے موبائل چیک کیا تو اس معاملے کا علم ہوا۔
بوڑھا باپ فراڈ کرنے والی کمپنی کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست لیکر دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے محکمہ تعلیم میں کلرک احسان اللہ گورائیہ نے ایف آئی اے اور اعلیٰ حکام سے اس معاملہ کا نوٹس لینے اور کرپٹو کرنسی کے نام پر فراڈ میں ملوث کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے