ایک نیوز:نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ہوا محسن نقوی نے کہا کہ منشیات سپلائی کرنے والے بڑے ما فیا کوقانون کے شکنجے میں لایاجائے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، نشے کے عادی افراد کی بحالی اورمنشیات فروشی کے سدباب کاپائیدار پلان طلب کرلیاگیا، نشہ آور اشیا ء بیچنے اوراستعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کاحکم بھی دیدیا گیا ہے۔نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹر کے قیام کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ نشے کے عادی افراد کو قیام و طعام اور علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی،محکمہ صحت نشے کے عادی افراد کی مستقل بحالی کے لئے ڈاکٹر، طبی عملہ اور ادویات فراہم کرے گا،محکمہ سوشل ویلفیئر نشے کے عادی افراد کیلئے قیام و طعام اور دیگر انتظامات کرے گا،پولیس نشے کے عادی افراد کی نقل وحرکت محدود بنائے گی اور سکیورٹی مہیا کرے گی،رائیونڈ روڈ پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹر کو فوری فنکشنل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شامکے بھٹیاں میں بھی منشیات سے بحالی کا مرکز قائم کرنے پر غور کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولوں اورکالجز میں منشیات فروشی کو ہر قیمت پر روکا جائے، انسداد منشیات کے مشن کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ًآئس اور دیگر منشیات کی وجہ سے اخلاقی برائیاں جنم لے رہی ہیں۔سڑکوں کے اطراف پر منشیات کے عادی افراد کی موجودگی الارمنگ ہے۔اے این ایف او ردیگر اداروں کے اشتراک سے منشیات کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری صحت،کمشنرلاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر راولپنڈی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہو ئے۔