ایک نیوز: پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے سر پر لٹکتی تلوار ہٹ گئی ہے جبکہ میگا ایونٹس کے پیش نظر پی سی بی نے کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کا مشورہ مان کر کسی چھیڑ چھاڑ سے گریز کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ذکا اشرف نے چیئر مین پی سی بی کا عہدہ سنبھالہ تو امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ غیر ملکی کوچز جگہ برقرار نہیں رکھ پائیں گے لیکن چیئر مین پی سی بی سربراہ نے معاملہ مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کردیا جس نے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ میں کوئی چھیڑ چھیڑ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی کوچز اور معاون اسٹاف کے سر پر لٹکتی تلوار بالآخر ہٹ گئی، توقعات کے برعکس منیجر کو تبدیل کرنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں ہوئی، البتہ ماہر نفسیات مقبول بابری کا تقرر کردیا گیا ہے۔ پی سی بی نے افغانستان سے ون ڈے سیریز اور ایشیا کپ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کیا جس میں مکی آرتھر ڈائریکٹر، گرانٹ بریڈبرن ہیڈ کوچ، اینڈریو پیوٹک بیٹنگ کوچ اور مورنے مورکل بولنگ کوچ ہوں گے، آفتاب خان فیلڈنگ کوچ، عبدالرحمان اسسٹنٹ کوچ کے طور پرساتھ جائیں گے۔
ڈریکس سائمن کنڈیشننگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم ڈاکٹر، طلحٰہ اعجاز اینالسٹ، ریحان الحق منیجر، احسن افتخار میڈیا منیجر، لیفٹیننٹ کرنل(ر) عثمان انوری سیکیورٹی منیجر کے فرائض سرانجام دیں گے،کھلاڑیوں کو ماہر نفسیات مقبول احمد بابری کی خدمات بھی میسر ہوں گی۔