سیاحت کی فروغ،سکردوایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کاآغاز

سیاحت کی فروغ،سکردوایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کاآغاز
کیپشن: Promotion of tourism, start of refueling of planes at Skardu Airport

ایک نیوز:پی ایس او نے سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو میں طیاروں کی ری فیولنگ سہولت کا آغاز کردیا۔

پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں ترقی کا سفر جاری رکھتے ہوئے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔قومی توانائی کمپنی نے گلگت بلتستان میں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کی نئی سہولت کاافتتاح کردیا۔پی ایس اواس علاقہ میں اس نوعیت کی خدمات فراہم کرنے والی پاکستان میں پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے۔

 تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ائیر وائس مارشل محمد عامر حیات اور پی ایس اوکے مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سید طہٰ نے شرکت کی، جبکہ مقامی شخصیات اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سکردو ایئرپورٹ شمالی پاکستان میں ایک انٹرنیشنل گیٹ وے ہے جہاں بڑے طیاروں کو آپریٹ کیاجاسکتا ہے۔ اس ایئرپورٹ پر پہلی عالمی پرواز 14اگست 2023 کو اترے گی۔ سکردو دنیا میں خاص طور پر کوہ پیماؤں اور ٹریکرز کیلئے پسندیدہ سیاحتی مقام ہے جو دنیا بھر سے گلگت بلتسان کے قراقرم رینج میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں، اس کے علاوہ یہ مقام اس پورے خطے کے لئے نقل و حمل اور تجارتی حب ہے۔

پی ایس او پاکستان کی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے جو عرب کے ساحلوں سے لے کر سوست کے دور دراز علاقوں تک فیول فراہم کرتی ہے جو ایک مثال ہے کیونکہ دیگر کمپنیاں ان علاقوں میں سپلائی چین کا انتظام کرنے سے قاصر ہیں۔ چیلنجز کے باوجود پی ایس او قومی مفاد میں لگن اور عزم کے ساتھ ثابت قدمی سے قوم کی خدمت کررہی ہے۔جیٹ فیول میں 98 فیصد کے مارکیٹ شیئر کے ساتھ پی ایس او کا کوئی ثانی نہیں ہے۔کمپنی کے آپریشنز ملک میں 13بڑے ایئر پورٹس پر پھیلے ہوئے ہیں۔ کمپنی مستحکم عزم کے ساتھ سکردو تک ملکی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کی توسیع میں مدد کرنے کی خواہاں ہے۔

 سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ کاکہنا ہے کہ ’ ملک کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے دو قومی کمپنیوں کے درمیان اتحاد ایک نمایاں کامیابی ہے۔اس سہولت سے نہ صرف ایئر پورٹ کی آپریشنل کارکردگی بڑھے گی بلکہ ایئرلائنزکیلئے سہل تجربے بھی میسر آئیں گے۔ ہم پی ایس او کی جانب سے ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے بے مثال مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لیے ہم ان کی مسلسل حمایت اور عزم پر شکر گزار ہیں۔’’