سلیمان اعوان: لاہور کی کنزیومر کورٹ میں فائن پیزا اینڈ ریسٹورنٹ کے خلاف ڈیڑھ کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ جس کے بعد صارف عدالت نے فائن پیزا اینڈ ریسٹورنٹ مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
یہ دعویٰ ایڈووکیٹ آفتاب مصطفٰی کی جانب سے دعوی دائر کیا گیا ہے۔ صارف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ 2 روز قبل فائن پیزا اینڈ ریسٹورنٹ میں گئے۔ جہاں انہوں نے کھانے کے لیے چار سے پانچ چیزوں کا آرڈر کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک گھنٹے کے طویل انتظار کے بعد کھانا آیا اور وہ بھی غیرمعیاری تھا۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ چکن منچورین میں غیرمعیاری چاول کا استعمال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہوٹل کی سروس بھی ناقص تھی۔ اس لیے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ ریسٹورنٹ کے مالک کو ڈیڑھ کروڑ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔