تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم شب ڈیڑھ بجے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچے ، جہاں وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی،صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن، کوچز اور ایتھلیٹس کے علاوہ عوام نے ارشد ندیم کا لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ جیسے ہی ارشد ندیم ائیرپورٹ سے باہر آئے تو عوام کی جانب سے پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا جس جس نے میرے لیے دعا کی ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے ہی دنیا میں شہرت ملی۔ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میں نے بہت محنت کی اور پانچویں نمبر پر آیا، سپورٹ کرنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں، میری جو سرپرستی کی گئی اس سے مطمئن ہوں۔
قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا جو خامیاں رہیں ان پر قابو پاکر آئندہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کروں گا، اپنی کارکردگی سےآئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم نے عالمی سطح پر پاکستان کو پہچان دی۔