ایک نیوز: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی نااہلی کے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں ہم ن لیگ کی طرح فیصلوں سے انکار نہیں کرسکتے۔
رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ فارن فنڈنگ کیلئے الیکشن کمیشن نے صرف پی ٹی آئی کیخلاف ہی تحقیقات کی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیخلاف کیوں نہیں کی؟ ان کے فنڈزکیس کی سماعت کیوں نہیں ہورہی؟ توشہ خانہ کا ریکارڈ سامنے نہیں لایا جارہا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو نااہل کرنے کے عدالتی فیصلے پر تحفظات ہیں لیکن پھر بھی عدالتوں اور ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا جا سکتا ہے لیکن ن لیگ کی طرح فیصلوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے حکومت کو فنڈزجاری کرنے کا حکم دیا ہے اگر عدالتی حکم کو نہ مانا تو وفاقی حکومت مطلب وزیراعظم اور پوری کابینہ نااہل ہوگی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نئی مردم شماری میں حیدرآباد اور کراچی کی آبادی میں صرف 29 لاکھ کا فرق ہے اب کراچی کی قومی اسمبلی کی 2 نشستیں کم ہوجائیں گی۔ ایم کیو ایم نے کراچی کی آبادی کم کرانے میں گھناؤنا کردارادا کیا ہے۔ ان کے وزرا نے خود کو پیپلزپارٹی کے ہاتھوں بیچ دیا ہے۔ کراچی اور سندھ عمران خان کا تھا اور رہے گا، ہم پورے پاکستان کےعوام کے حقوق کا دفاع کریں گے۔