ایک نیوز:خاتون کے سابق شوہر نے ساتھیوں سے ملکر مقامی صحافی کو گلی میں سرعام بے دردی سے قتل اور اسکی بیوی کو شدید زخمی کردیا،مقتول نے خاتون سے پسند کی شادی کی تھی جسکا اسکے سابق خاوند کو رنج تھا۔
تفصیلات کے مطابق گگومنڈی کے مقامی صحافی محمد انور نے تین ماہ قبل بستی محمد پورہ کے شفاقت نامی شخص کی سابق بیوی سے پسند کی شادی کی تھی، جسکے بعد انکے مابین جھگڑا چل رہا تھا ۔
اسی رنجش کی بنا پر آج ملزم شفاقت اپنے بھائی اور دو خواتین سمیت 6 افراد کے ہمراہ کلہاڑیوں سے مسلح ہوکر آیااور مقامی صحافی کو زبردستی گھر سے اٹھا کر باہر گلی میں لاکر انتہائی بے دردی سے بازو،ٹانگوں اور جسم کے دیگر حصوں کو کاٹ ڈالا ، خاوند کو بچانے کے لئے اسکی بیوی اوپر گر گئی ملزمان نے اسے بھی بے دردی سے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ۔
مقامی صحافی محمد انورنے موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر جان دیدی، جبکہ اسکی بیوی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تھانہ گگومنڈی پولیس نے کارروائی شروع کردی۔ورثاء کے مطابق چند روز قبل بھی ملزمان مقتول کی بیوی کو گھر سے اٹھا کر لے گئے تھے جس پر پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی تھی۔