ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور اعجاز احمد کی درخواست پر سماعت کی۔
تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز شاہ وغیرہ کےوکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے اسی نوعیت کی درخواست پر الیکشن شیڈول پر حکم امتناعی جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ بھی جاری کردہ شیڈول پر حکم امتناعی جاری کرے۔قومی اسمبلی کےعام انتخابات کیلئے 120 دن سے کم کا عرصہ رہ گیا ہے۔120 دن سے کم کا عرصہ ہو تو ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے،120 دن سے کم عرصہ کےلئے ضمنی انتخاب کرانا قانون کے منافی ہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ 118 اور 108 میں ضمنی انتخاب کو منسوخ کیا جائے۔
عدالت نےریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے اپنے فیصلے کےمطابق انتخابات 90دن میں ہونا آئینی تقاضا ہے۔کیا اس وجہ سے ضمنی انتخابات روکے جاسکتے ہیں۔پشاور ہائیکورٹ نے تو پورےشیڈول پر ہی حکم امتناعی جاری کردیا۔بار بار انتخابات کراکےقومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔