ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے شاندانہ گلزار کی مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سےمتعلق درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ میری مؤکل کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ہمیں مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ ہم قانون کے مطابق اس میں پیش ہوسکیں۔
عدالت نے پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ہدایت کی کہ 19 اپریل تک درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات اور زیر التوا انکوائریوں کی رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ شاندانہ گلزار 2018 کے عام انتخابات میں کے پی سے خواتین کی مخصوص نشست پرایم این اے منتخب ہوئی تھیں۔ وہ وزارت تجارت میں نائب وزیر اوربطور پارلیمانی سیکرٹری کام کر چکی ہیں۔