9 ماہ میں کاروں کی فروخت میں 46 فیصد کمی ریکارڈ

Apr 12, 2023 | 09:45 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ملک میں کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر46 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم فروری کے مقابلہ میں مارچ میں کاروں کی فروخت میں عمومی اضافہ کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔

آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمارکے مطابق جولائی سے مارچ تک کی مدت میں ملک میں 110405 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 46 فیصد کم ہے۔مارچ میں ملک میں 9351 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ سال مارچ کے 27202 یونٹس کے مقابلہ میں 66 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاک سوزوکی موٹرکمپنی کی کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاک سوزکی کے 57923 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں انڈس موٹرز کی کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر55 فیصد کمی ہوئی، اس مدت میں کمپنی کے 25592 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 56567 یونٹس تھی۔

ہونڈا اٹلس کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں کمپنی کے 16278 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 30010 یونٹس تھی۔

ہونڈائی نشاط لمیٹڈ کی کاروں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر4فیصد کی کمی ہوئی۔ اس مدت میں کمپنی کے 7902 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8262 یونٹس تھی۔

مزیدخبریں