جان بچانے والے  شہری کو عرصے بعد دیکھ کر پرندہ جذباتی ہوگیا

Apr 12, 2023 | 00:07 AM

ایک نیوز:اترپردیش: بھارت میں ایک شہری نے خطرے سے دوچار پرندے کونج کو بچایا جس کے بعد پرندے نے اپنے محسن کے ساتھ ساتھ رہنا شروع کردیا۔

 محمد عارف نامی شخص نے خطرے سے دوچار کونج کو بچا کر اس کی صحت بحال کی جس کے بعد کونج نے عارف کا پورے قصبے میں پیچھا کرنا شروع کر دیا اور ان کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔

دوسری جانب جب معاملہ بھارتی محکمہ جنگلات کے علم میں آیا تو انہوں نے پرندے کو عارف سے الگ کردیا مگر کونج اپنے محسن کو نہیں بھولا۔ دونوں کی علیحدگی کے بعد انٹرنیٹ صارفین حکومت سے عارف اور کونج کو دوبارہ ملانے کی درخواست کرتے رہے اور آخر کار اُن کی التجائیں رنگ لے آئیں۔

 ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پندرہ دن بعد جب محمد عارف نے کانپور کے چڑیا گھر کا دورہ کیا تو پنجرے میں بند کونج کے ردعمل نے سب کا دل پگھلا دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو نے ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک بار پھر صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

مزیدخبریں