ویب ڈیسک:گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاوال کی طرح 11 ربیع الاول کو بھی چھٹی کا اعلان کیا جائے اور اس حوالے سے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھوں گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر بلوچستان کو آج سندھ میں آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں اور آج گورنر ہاؤس میں علما کرام کا اجلاس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کو گورنر ہاؤس میں محفل ہو گی اور عوام کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہوں گے۔
گورنر سندھ نے 11 اور 12 ربیع الاول کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کیلئے کے الیکٹرک کو خط نہ لکھنے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ 11اور 12 ربیع الاول کو چھٹی کا اعلان کیا جائے اور اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھوں گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پیمرا کو بھی خط لکھوں گا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کو گانے کے پروگرامز کونشر نہ کیا جائے۔
اس سے قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیرصدارت گورنرہاؤس میں علمائے کرام کا اجلاس ہوا جس میں بارہ ربیع الاول کے جلوسوں، محافل اور ریلیوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل بھی موجود تھے۔
گورنر کامران ٹیسوری نے متعلقہ حکام کو صفائی و سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے، سڑکوں کی استرکاری اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اختلافات بھلا کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرے جبکہ 12 ربیع الاول کو گورنر ہاؤس میں عظیم الشان محفل ہو گی اور چراغاں بھی کیا جائے گا۔