قائداعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

قائداعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
کیپشن: The 76th death anniversary of Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah is being celebrated today

ویب ڈیسک: مسلمانوں کیلئے الگ ریاست قائم کرکے برصغیرکا نقشہ تبدیل کر کے انگریز اور کانگریس کو تنہا شکست دینے والی تاریخ ساز شخصیت قائداعظم محمد علی جناح کی آج 76 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے گاندھی اور نہرو جیسے سیاستدانوں کو سیاسی میدان میں شکست دی، لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے، پہلے کانگریس کیساتھ آزادی کی جدوجہد میں کاندھا ملایا لیکن جب احساس ہوا کہ الگ ملک کے بغیر کوئی چارہ نہیں تو مسلمانوں کیلئے علیحدہ ملک کیلئے دن رات ایک کردیا۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی جارہی ہیں جس میں بابائے قوم کو ان کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
بابائے قوم کی برسی کے موقع ان کے مزار پر قرآن خوانی کی گئی، مزار قائد پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، مسلح افواج کے نمائندے، وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ، میئر سمیت سول و عسکری حکام نےحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
قائداعظم محمد علی جناح کا انتقال 11 ستمبر 1948 کو کراچی میں ہوا اور آج ان کی 76 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی 76ویں یوم وفات کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےاپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھ سمیت آج پوری قوم بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کا 76واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منارہی ہے۔
 اقوام عالم کی تاریخ کے اوراق میں قائداعظم محمد علی جناح کا نام ہمیشہ ایک صاحب بصیرت اور نامور سیاستدان کے طور پر درج کیا جائے گا، انہوں نے مسلمانانِ برصغیر کے لیے آزادی کی تحریک کی ایسی بے مثال اور بہترین قیادت کی کہ رہتی دنیا تک اس خطے کے مسلمانوں کیلئے دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست قائم ہوئی۔
آج کے دن ہم قائد اعظم کے تفویض کردہ سنہری اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے، قائد کے پاکستان کے حصول کیلئے ان کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں، ہمیں اپنی نظریاتی اساس کو ذہن میں رکھتے ہوئے عصری چیلنجز کو ایک عظیم قوم کی طرح مسخر کرنا ہے. قائداعظم کو یاد کرتے ہوئے ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے حوالے سے اپنے فرائض کو بھی یاد رکھنا ہے۔