ایک نیوز: ملک بھر میں بجلی اور گیس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں سیکڑوں ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے، کروڑوں روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن پانچواں روز بھی جاری ہے، پانچوں روز کے آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 194کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔ لیسکو حکام کا کہناہےکہ بجلی چوروں کے خلاف مزید 97ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں،آپریشن کے دوران25 ملزمان کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 1انڈسٹڑیل،1زرعی،7کمرشل اور 185ڈومیسٹک تھے۔تمام کنکشنز منقطع کر دو کڑوراکتالیس لاکھ اڑسٹھ ہزارایک سو بائیس روپے چارج کر لیے گئے۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہےکہ پانچ روز کے آپریشن کے دوران 1272کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ بجلی چوروں سے اب ئک اٹھارہ کڑور دس لاکھ اٹھائیس ہزار دو سو چھیاسٹھ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہےکہ بجلی چور کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔ وزیرِاعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پرلیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔
سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے انکشاف کیا ہےکہ بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران 8 کروڑ یونٹ بجلی چوری کا کھوج لگالیاگیا ہے۔ ٹوئٹر ( ایکس ) پر سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے بجلی چوری سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 8کروڑ یونٹ بجلی چوری کا کھوج لگالیا گیا ہے جب کہ بجلی چوری میں ملوث 194 افراد کو گرفتار کیاگیا ہے۔سیکرٹری پاور نے بتایا کہ بجلی چوری پراب تک 35کروڑ 20لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال کے مطابق بجلی چوری پر لیسکو اور میپکو میں دیگرکمپنیوں کے مقابلے میں بہترکام ہورہا ہے۔اس سے قبل سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے بتایا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو چکا ہے، ابھی یہ آغاز ہے، یہ بہت زیادہ بے رحم اور ناقابل معافی ہو جائے گا۔
راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے ضمن میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے وصول ہوچکے ہیں، بجلی چوری کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار اور 16 کروڑ 40 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
میلسی:
میپکو ڈویژن میلسی کے زیر انتظام علاقوں میں بھی بجلی چوروں کے خلاف شکنجہ کس دیا گیا۔ وفاقی حکومت کے احکامات کے پیش نظر میپکو ڈویژن میلسی کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف سخت کاروائیاں جاری ہیں۔ سرویلنس ٹیموں نے موبائل مارکیٹ میلسی، میراں پور، دوکوٹہ، ٹبہ سلطانپور اور چک نمبر 190 ڈبلیو بی سمیت مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے بجلی چور پکڑے جو مین تار سے ڈائریکٹ کنڈی اور بوگس میٹر لگا کر بجلی چوری میں مصروف تھے جنہیں پولیس نے موقع پر حراست میں لے لیا اور مقدمات درج کر لئے بجلی چورں کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔
ایکسین میپکو میلسی محمد علی یاسر کا کہنا تھا کہ کسی بجلی چور سے رعائت نہیں برتی جائے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا عوام سے بھی اپیل ہے کہ بجلی چوروں کی نشاندھی کرکے زمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں انکا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
رینالہ خورد:
رینالہ خورد میں چیف لیسکو واپڈا کے احکامات کی روشنی میں رینالہ ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ واپڈا ٹیم کی پولیس کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف کاروائیاں کی۔ محکمہ واپڈا کے شہر اور گردونواح میں مختلف رہائشی علاقوں میں چھاپے مارے۔کارروائی کے دوران 6 بجلی چور موقع سے گرفتار،بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔واپڈا حکام کا کہناہےکہ بجلی چوری کرنے والے 20 افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں۔متعدد گھروں میں ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر بجلی چوری کی جارہی تھی۔
ایکسیئن واپڈ کا کہناہےکہ شہری بجلی چوروں کی نشاندہی کریں ان کے بلا امتیاز کارروائیاں کریں گے ، بجلی چور معاشرے کے ناسور ہے ان سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
واربرٹن:
واربرٹن میں لیسکو نےبجلی چوری اور کنڈا مافیا کیخلاف بڑا آپریشن کیا، ضلعی انتظامیہ کی مدد کیساتھ آپریشن میں لیسکو اسٹاف اور پولیس کی بھاری نفری بھی شامل تھی۔ دوران آپریشن متعدد بجلی چوروں کے کنکشن منقطع کردیے گئے اور بجلی چوروں کو لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
لیسکو حکام کا کہناہےکہ بجلی چوری سے محکمے کو 10 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ، 7 افراد کیخلاف تھانہ واربرٹن میں مقدمات درج ہیں۔ ایکسین نعیم کنگرا کا کہنا ہےکہ دوران آپریشن سینکڑوں کنکشنز چیک کئے گئے۔ بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاون کے لئے خصوصی ٹاسک فورس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ٹاسک فورس ٹیمیں تمام ڈسکوز میں بجلی چوروں کی تلاش کے لئے سکیننگ اور چھاپے مار رہی ہیں۔بااثر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بغیر کسی دباؤ کے جاری رہے گا۔ کوئی کتنا بھی طاقتور ہو اسے بجلی چوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ بجلی چور قومی خزانے کو نقصان پہنچار ہے ہیں‘ ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔
سالم:
فیسکو بھلوال ڈویژن ٹاسک فورس کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی جاری ہے،دیووال اور میانہ گوندل میں دوران چیکنگ 3 بجلی چور پکڑے گئے ہیں۔ دوران چیکنگ دیووال کے سیف اللہ اور محمد نواز گوندل جبکہ میانہ گوندل کے بشیر احمد کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا ۔۔ ملزمان بجلی کی مین سپلائی سے ڈائریکٹ بجلی چوری کر رہے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
عارف والا:
عارف والا میں واپڈہ کی ٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف ان ایکشن ہے،چھاپہ مار ٹیموں نے 32 مقامات پر بجلی چوری پکڑ کر ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پکڑے جانیوالے بجلی چوروں کے کھاتے میں61 ہزار سے زائد یونٹس ڈالے گئے۔ترجمان واپڈہ کا کہنا ہےکہ پکڑی جانیوالی بجلی چوری سے 26 لاکھ روپے سے زائد ریکوری ہو گی ہے۔
میانوالی:
میانوالی میں بجلی چوروں کی شامت آگئی۔ضلع بھر میں بجلی چوروں کے خلاف محکمہ واپڈا کی کاروائیاں جاری ہیں۔درجنوں بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں۔
اوکاڑہ:
اوکاڑہ بجلی چوروں کے خلاف ضلع بھر میں گرینڈ اپریشن جاری ہے۔ ایس ای لیسکو احمد شہزاد کا کہنا ہےکہ بجلی چوری میں با اثر شخصیات بھی ملوث پائی گئیں، بجلی چوروں کے خلاف 178 مختلف تھانوں کو استغاثے بھجوا دیے گئے۔
ایس ای لیسکو کا کہنا ہےکہ 117 ایف آئی ار درج ہو چکی ہیں جبکہ 17 بجلی چور گرفتار ہیں۔ چھاپوں کے دوران بجلی چوروں کو 3 لاکھ 90 ہزار یونٹ ڈالے گئے ہیں، بجلی چوری میں ملعوث افراد کو ایک کروڑ 46 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
ایس ای لیسکو کا کہناہے کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا ۔ اگر کوئی لیسکو اہلکار بجلی چوری میں ملوث پایا گیا تو اسے ملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
ننکانہ صاحب:
لیسکو سرکل ننکانہ صاحب کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور بجلی چوروں کو پکڑنے کے لئے بنائی گئی خصوصی ٹیموں نے اب تک 113 افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل لیسکو سرکل ننکانہ صاحب تنویر احمد خاں نے بتایا کہ 112 بجلی چوروں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں جبکہ بجلی چوری کے مقدمات میں مطلوب 6 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں میں 108 گھریلو, 2 کمرشل اور 3 زرعی صارفین شامل ہیں جنہیں 1 لاکھ 94 ہزار یونٹس کے بل ڈالے گئے, جن کی قیمت 93 لاکھ, 52ہزار 367 روپے ہے جبکہ واپڈا نادہندگان سے 8 لاکھ 70 ہزار کی وصولی بھی کی گئی, تنویر احمدخاں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف چھٹیوں کے دوران بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا گیا۔
چھانگا مانگا :
چھانگا مانگا میں لیسکو سب ڈویژن چونیاں کا بجلی چوروں کے خلاف چوتھے روز بھی آپریشن جاری ہے۔400 سے زائد ڈائریکٹ بجلی چوری کرنے والے شہری واپڈا کی گرفت میں ہیں جن کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ بجلی چوری کے 9 عادی مجرم موقع پر گرفتار کرکے لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔چھانگا مانگا, کنگن پور، آلہ اباد، کہ تھانوں میں 100 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ بجلی چوری میں ملوث کسی شہری کو کسی قسم کی رائت نہیں دی جائے گی۔
پاکپتن :
پاکپتن میپکو حکام کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن جاری ہے، آپریشن ٹیم نے 45 بجلی چورں کو پکڑ کر مقدمات درج کردیے ہیں۔ میپکو زرائع کا کہنا ہےکہ بجلی چوروں سے 29 لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔
راولپنڈی:
سوئی ناردرن گیس راولپنڈی ریجن کا گیس چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے۔چکلالہ ،بحریہ ٹاون، سیٹلائٹ ٹاون ,افشاں کالونی اور دیگر علاقوں میں کاروائیاں کی گئیں۔کاروائیوں کے دوران 19 غیر قانونی کنکشنز منقطع کئے گئے 4 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس راولپنڈی ریجن مختار شاہ کا کہنا ہےکہ ملزمان بغیر دستاویزات کے غیر قانونی طور پر گیس میٹر لگا کر گیس چوری میں ملوث پائے گئے۔ گیس چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس کا تعاون حاصل ہے ۔
چشتیاں:
چشتیاں میں وفاقی حکومت کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔چشتیاں میں گیس کی مین لائن میں کٹ لگا کر عرصہ دراز سے گیس کی چوری جاری تھی۔ گیس ٹیم نے ریڈ کیا تو گیس چور دیکھتے ہی گھروں سے فرار ہو گے۔ گیس ٹیم کا کہنا ہے کہ دو گھروں عرصہ دراز سے گیس چوری کر رہے تھے۔ گیس ٹیم نے کہا کہ ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے اور جو بھی گیس چوری میں ملوث پایا گیا سخت کارروائی کریں گے۔وفاقی حکومت کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا