گورنر، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی کی مزارقائد پر حاضری، فاتحہ خوانی، خصوصی دعا

Sep 11, 2023 | 11:57 AM

ایک نیوز: بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا آج 75واں یوم وفات ہے۔ اس موقع پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور اس کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزار قائد پر حاضری دی۔ 

تفصیلات کے مطابق بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ  نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اتحاد، یقین محکم اور نظم و ضبط کے اصول پر عمل درآمد کی آج بہت ضرورت ہے۔ 

اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ  ہمیں قائد کے سامنے سرخرو ہونا ہے، ہم سنگین حالات سے گزر رہے ہیں۔ ہم کوشش کریں گے کہ محروم طبقے کے لئے کام کریں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی مزار قائد آمد:

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 75ویں یوم وفات پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔ ان کے ساتھ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بھی موجود تھے۔ 

مزار قائد آمد پر مسلح افواج کے دستے نے میئر کراچی کو سلامی دی۔ انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ دن ہے جب بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔ ان کی کوشش ہمارے لیے ایک مثال بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج قائد اعظم محمد علی جناح کی وجہ سے ہم ایک آزاد ریاست میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک میں کیسے رہتے ہیں۔ آج کا دن عہد وفا ہے۔ آئیں ہم سب آج کے دن اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کا عہد کریں۔

میئر کراچی کی گورنرہاؤس آمد، کامران ٹیسوری سے ملاقات:

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے میئر کراچی مرتضی وہاب نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ شہر قائد کے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین بہتر تعلقات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بلدیہ عظمی کراچی اور ٹاؤنز کے مابین قریبی رابطہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ 

اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہر کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔ باہمی مشاورت سے شہر قائد کے تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ شہر کو خوبصورت بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ شہر کی صفائی ستھرائی اور اسے سرسبز وشاداب بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔

مزیدخبریں