ایک نیوز: نارتھ ناظم آباد میں 6 روز قبل فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہونے والے مولانا قاری خرم شہزاد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مولانا قاری خرم شہزاد کی نماز جنازہ مرکزالعلوم اسلامیہ اکیڈمی میٹھادر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
بتایا گیا ہے کہ مولانا قاری خرم شہزاد مرکز العلوم اسلامیہ اکیڈمی میٹھادر کے معلم تھے۔ مقتول مولانا خرم شہزاد اپنے مدرسہ کے ایک طالب علم کی دعوت پر اس کے ایک رشتے دار کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔
جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار تین ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی اور فائرنگ کے نتیجہ میں مولانا قاری خرم شہزاد اور ان کے مدرسہ کے دو اساتذہ قاری محمد الطاف اور قاری محمد مدنی زخمی ہوئے تھے۔
مقتول کو میوا شاہ قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔