مناسب نہیں لگتا آئی جی اسلام آباد کو ہم کسی اور طریقے سےبلائیں،لاہور ہائیکورٹ

Sep 11, 2023 | 10:37 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے کیخلاف توہین عدالت کیس میں آئی جی اسلام آباد لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مناسب نہیں لگتا کہ آئی جی اسلام آباد کو ہم کسی اور طریقے بلائیں،اگر اللہ نے کسی کو عزت دی ہے تو اس کو برقرار رکھے،آپ چیک کرلیں کہ آئی جی اسلام آباد کیسے آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس مرزا وقاص رؤف نے قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی آپریشن پیش ہوئے۔

پولیس افسران کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا۔

پرویز الٰہی کے وکیل نے جواب دیکھنے کیلئے مہلت مانگ لی،آئی جی اسلام آباد عدالت میں پیش نہ ہوئے،عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر تک ملتوی کردی۔

سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو سرکاری وکیل نے کہاکہ ایس پی عمران اسلم نے معاملے کی تحقیقات کی ہیں،اسلام آباد پولیس نے قانون کے مطابق گرفتار کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مناسب نہیں لگتا کہ آئی جی اسلام آباد کو ہم کسی اور طریقے بلائیں،اگر اللہ نے کسی کو عزت دی ہے تو اس کو برقرار رکھے،آپ چیک کرلیں کہ آئی جی اسلام آباد کیسے آئیں گے۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 18ستمبر تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں