قائد اعظم کی 75ویں برسی پر اہم شخصیات کا خصوصی پیغام

Sep 11, 2023 | 10:11 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ ،وزیر اعلی محسن نقوی  اور چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےخصوصی پیغام جاری کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 75واں یوم وفات ہے. پوری قوم آج  قائد اعظم کی برصغیر کے مسلمانوں  کے حقوق کے لیے  انتھک جدوجہد، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ 

انواارالحق کاکڑ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔ قائد اعظم کی جدوجہد ناصرف ایک اکثریت کی اقلیتوں کے حقوق کو عددی برتری کی بنا پر سلب کرنے کے نظریے کے خلاف تھی بلکہ مسلمانوں کی ایک علیحدہ قوم کے طور پر معاشی، معاشرتی، سیاسی، تہذیبی پہچان اور ایک منفرد طرزِ زندگی کو بحال کرنے اور اس حوالے سے ان کو اقوامِ عالم میں ایک نمایاں مقام دلوانے کیلئے تھی.

قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی.  قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں. پاکستان کا وفاقی آئین قائدِ اعظم کے 14 نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے جس کے تحت ہر اکائی کی انفرادی خوبصورتی کو ماند کئے بغیر سب کو یکساں ترقی و خوشحالی کے مواقع حاصل ہیں.

پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں جتنا آج قائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی. بانی پاکستان قائدِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں کہ ہم قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں. ہمیں ہر قسم کے اختلافات کو ختم کرکے مل کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے.  آج کے دن ہم قائد کی روح سے کئے گئے عہد کی تجدید کریں کہ ہم اتحاد, تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ آگے بڑھیں گے. اللہ تعالیٰ بابائے قوم کے درجات بلند کرے اور ہمیں انکے بتاے  ہوئے زریں اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق دے،آمین.

محسن نقوی:

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےبانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح  ؒکی برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ  قائداعظم محمد علی جناح  ؒنے اپنی کرشماتی اور دور اندیش قیادت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو آزاد وطن دلوا کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔قائداعظم ؒنے ایک مدبّر کی حیثیت سے قوم کو بیدار ہی نہیں کیا بلکہ انھیں آزادی کی منزل تک پہنچایا۔

محسن نقوی کا کہنا ہےکہ قائد کے تصور کے مطابق ہمیں پاکستان کو ایسی فلاحی مملکت بنانے کی جدوجہد جاری رکھنی ہے جہاں لوگ آزادی، وقار اور عزت کے ساتھ رہیں۔ ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی توانائیاں ریاست اور معاشرے کی بہتری کے لیے وقف کرناہوں گی۔ موجودہ حالات سے نمٹنے، پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے قائد کی تعلیمات پر عمل ناگزیر ہے۔قائداعظم محمد علی جناحؒ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اورطن کو قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپنائیں۔

بلاول بھٹو:

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قائداعظم کی برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے 75 ویں یومِ وفات پر خراج عقیدت پیش  کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم صدیوں میں پیدا ہونے والے کرشماتی لیڈر اور سیاسی مدبر تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی قائداعظم کی سیاسی سوچ اور فلسفے پر عمل پیرا ہے،پیپلز پارٹی نے آئین و پارلیمان کی بالادستی اور عام شہریوں کے حقوق و آزادی پر کبھی سودیبازی کی نہ آئندہ کرے گی۔قائداعظم کا جمہور دوست نظریہ، رواداری پسند سوچ اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا ویژن مشعلِ راہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے  آج ہم سب پاکستانیوں کو ایک عہد کرنا چاہیے۔ سب یہ عہد کریں کہ ہم کسی مصلحت اور سمجھوتے کے بغیر بابائے قوم کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں گے۔بابائے قوم کا بتایا ہوا ہی وہ واحد راستہ ہے جو ہماری معاشی خوشحالی اور ناقابلِ تسخیر معاشرتی ہم آہنگی و استحکام کی منزل کی جانب جاتا ہے۔

مزیدخبریں