ایک نیوز نیوز: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر مزار قائد پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، برسی کے موقع پر مزار قائد پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،شہلا رضا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قائد اعظم کی 74ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، قائد اعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید مشکل وقت ہے اور سیلاب کی زد میں پاکستان خاص طور پر صوبہ سندھ آیا ہے، سیلاب سے پورا سندھ ڈوب گیا ہے اور پوری دنیا نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یہ تباہی دیکھی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اپنا مؤقف پیش کریں گے، کم از کم 50 ارب کا نقصان لائیو اسٹاک کا ہوا ہے جبکہ کراچی میں جو نقصان ہوا اس کے آپ سب گواہ ہیں، پانی نہیں رکا۔ سندھ میں 10 گنا زیادہ بارش ہوئی ہے تاہم ہم نے لوگوں کی بحالی کے لیے کام کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بہت بڑا انسانی المیہ ہے، پہلے بارش تھی اب سخت گرمی پڑ رہی ہے اور اس وقت لوگ بڑی تکلیف میں ہیں تاہم سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور کوشش ہو گی کہ نومبر دسمبر تک 75 فیصد علاقے کو ہم صاف کر لیں، اکتوبر میں گندم بھی کاشت ہو گی۔