ایک نیوز نیوز: سندھ حکومت کےدعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، سندھ میں ڈینگی اور ملیریا کے بعد ڈائریا کی وبا بھی بے قابو ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں ڈائریا کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ہوا، صرف 24 گھنٹوں میں ڈائریا کے سندھ میں 7 ہزار 860 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ 5 سال سے کم عمر بچوں میں 3 ہزار 725 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 5 سال سے زائد عمر کے بچوں میں 4 ہزار 135 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ڈویژن سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے، حیدرآباد ڈویژن میں 2 ہزار 659 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پروفیسر جمال رضا اور ڈاکٹر آفتاب نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ شہریوں کو چاہیے کہ سب سے پہلے گھر میں آنے والے پانی (چاہے لائن کا ہو یا باہرسے آرہا ہو)کو ابال لیں، دوسری سب سے اہم بات واش روم جانے کے بعد اور کھانا کھانے سے پہلے ہاتھوں کو ضرور دھوئیں۔اگر کسی برتن میں پرانا پانی ذخیرہ کیا ہوا ہے تو وہ نکال کر تازہ پانی بھر لیں، باہر سے لایا ہوا سلاد یا پھل، سبزیاں انہیں صاف پانی سے دھوئیں، گھر سے بازاری رائتہ اور چٹنی کھانے سے گریز کریں۔حتی کہ ایک دن پرانا کھانا کھانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ بازاری اشیا کھانے سے گریز کریں کیونکہ آپ کو معلوم نہیں کہ کون سا پانی استعمال کیا گیا ہے، سب سے اہم بات پانی ابال کر پئیں۔