ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری،عوام میں خوف و حراس پھیل گیا

Sep 11, 2022 | 10:16 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں جس سے عوام میں خوف و حراس پھیل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ڈینگی کا مرض خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگا ہے،کراچی میں ڈینگی سے دوسری موت رپورٹ ہوئی ہے جبکہ  شہر میں ڈینگی کے مریضوں سے اسپتالوں میں مختص وارڈز بھر گئے ہیں۔

صوبہ پنجاب میں ایک دن میں 125 سے زائد افراد ڈینگی میں مبتلا ہو گئے اور اب تک پنجاب میں ڈینگی سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے اکثر علاقوں میں بخار کی گولی کی قلت برقرار ہے، پنجاب میں بخار کی گولی دستیاب ہی نہیں ہے  اور چار ہفتوں سے میڈیکل اسٹور والے سپلائی کے منتظر ہیں۔

 بلوچستان میں بھی ایک ماہ سے بخار کی گولی مشکل سے مل رہی ہے جبکہ  پشاور میں بخار کی گولی کے پتے کی قیمت 17 روپے سے 30 روپے تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ، 40  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔

محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں ڈینگی کے 40 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں ضلع شرقی سے 17 ،ضلع وسطی 8 کیسز ، ضلع جنوبی 7 اور ضلع کورنگی سے 4  کیس شامل ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع غربی میں 2 اور ملیر میں بھی 2   کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ حیدرآباد میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ۔

محکمہ صحت سندھ نے مزید بتایا کہ رواں ماہ اگست میں کراچی میں 534 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال سندھ بھر میں 1807 کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزیدخبریں