پنجاب میں جنسی زیادتی کے واقعات بڑھنے لگے۔ لاہورمیں خاتون سے زیادتی پرعوام کا غصہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا کہ عصمت دری کے دو نئے اندوہناک واقعات نے انسانیت کو زندہ درگور کر دیا۔
دیپالپور کے نواحی گاؤں پُھلروان وزیر میں محنت کش کی سات سالہ ذہنی معذور بیٹی ٹیوب ویل پرنہانے گئی۔ بااثر زمین دار کا اوباش بیٹا ناظم بچی کو ورغلا کر کھیتوں میں لے گیا اور جنسی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی کی حالت غیرہونے پر سنگدل ملزم بچی کو برہنہ چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ اہلخانہ کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بچی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔
زیادتی کا دوسرا واقعہ صادق آباد کے نواحی علاقے گوٹھ عالو میں پیش آیا۔ مزدور کی 6 سالہ بیٹی ہمسائے کے گھر گئی تو ملزم وحید نے مبینہ طور پر حیوانیت کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ کوٹ سبزل پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ والدین نے ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔