ایک نیوز: یونیسف نے معروف اداکارہ صبا قمر کو پاکستان میں بچوں کے حقوق پہلی قومی سفیر مقرر کر دیا ہے۔
صبا قمر کو سفیر مقرر کرنے کا اعلان بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا، جس کا مقصد لڑکیوں کے حقوق اور دنیا بھر میں اُنہیں درپیش مشکلات کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنا ہے۔
صبا قمر خصوصی طور پر بچوں پر تشدد، انہیں جنسی طور پر ہراساں کیے جانے، ان کی ذہنی صحت اور کم عمری کی شادی جیسے اہم اور سنگین مسائل پر آواز اٹھائیں گی۔
اس موقع پر صبا قمر نے کہا کہ میرے لئے یونیسف کے مشن کا حصہ بننا بڑے اعزاز کی بات ہے، بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کی حمایت میں کام کرتی رہوں گی۔
پاکستان میں یونیسف کے سربراہ عبداللہ فاضل نے کہا صبا خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی ایک مضبوط محافظ ہیں، ہم اُن کے ساتھ مل کر پاکستان میں بچوں کو درپیش چند بڑی مشکلات کی جانب توجہ مبذول کرانے اور ہر بچے کو اس کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دینے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لانے کے منتظر ہیں۔