ایک نیوز:حکومت پنجاب کی جانب سے راولپنڈی میں 8 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 10 سے 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے، اس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے، راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہو گی۔
راولپنڈی کی حدود میں ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد ہو گی، دفعہ 144 کے تحت کبوتر بازی، ڈرون اڑانے اور لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا، فیصلہ امن و امان کے قیام اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
قبل ازیں پنجاب کے 8 شہروں میں فوری طور پر تین روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ، ان شہروں میں ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیرآباد شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس 15، 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔