بھارتی اداکارکو فلسطینیوں کی حمایت پر تنقید کا سامنا

Oct 11, 2023 | 20:14 PM

ایک نیوز : بالی ووڈ اداکار اور فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو فلسطینیوں کی حمایت میں بولنے پر بھارتیوں نے تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
کمال راشد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘اسرائیل غزہ پر مزید حملے کررہا ہے اور بےگناہ فلسطینیوں کا قتل کررہا ہے’۔
اداکار نے کہا کہ ‘اسرائیل، بےگناہ فلسطینیوں کا قتل کرکے اُن لوگوں کو واپس نہیں لاسکتا جو حماس کے حملوں کے دوران ہلاک ہوئے، حتیٰ کہ لاکھوں فلسطینیوں کا قتل کرکے بھی وہ اپنے اسرائیلی عوام کو واپس نہیں لاسکتا’۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ‘دونوں ممالک کے تمام لوگوں کے لیے امن سے رہنا ضروری ہے، جنگ حل نہیں ہے’۔
کمال راشد خان کو فلسطینیوں کے حق میں بولنے پر بھارتیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، منیش کمار نامی صارف نے اداکار کو ‘بےشرم’ قرار دیا۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘جنگ ہی حل ہے، اب اس جنگ کو انجوائے کریں اور اگر آپ یہ دیکھ کر جذباتی ہورہے ہیں تو غزہ جائیں اور جہادیوں کا ساتھ دیں’۔
واضح رہے کہ غیرملکی میڈیا کے مطابق مزاحمتی تنظیم حماس کے اسرائیل کیخلاف آپریشن میں اب تک 1200 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں اور شہید فلسطینیوں کی تعداد 900 سے زائد ہوگئی ہے۔
حماس کے حملوں کے بعد امریکہ اور بھارت اسرائیل کے حمایتی بن کے سامنے آئے ہیں جبکہ کئی نامور شخصیات کی جانب سے اسرائیل کی خواتین اور بچوں کے حق میں بیان بھی سامنے آرہے ہیں۔

مزیدخبریں