وفاقی کابینہ اجلاس:نیب میں ڈپٹی چیئرمین اور پراسیکیوٹر جنرل کی تعیناتی کی منظوری

Oct 11, 2023 | 14:36 PM

ایک نیوز: وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سہیل عبد الناصر کو ڈپٹی چیئرمین نیب اور بیرسٹر احتشام قادر کو پراسیکیوٹر جنرل نیب مقرر کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ای سی سی اور نجکاری کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ بریگیڈیئر شاہد عامر افسر کو غیر ملکی ایوارڈ سے نوازنے کی منظوری دیدی گئی۔ 

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ امن و امان کی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابط کمیٹی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔ پی آئی اے کی نجکاری کےلیے فنانشل ایڈوائزر مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

دوسری جانب نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کو پی آئی اے کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کردیا۔ 

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔ عوام کے ٹیکسوں سے ان اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں۔ پی آئی اے اور خسارے کے شکار دیگر سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ ہوابازی شعبے کی اصلاحات سے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ خسارے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ نجکاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں