توہین الیکشن کمیشن کیس:عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

توہین الیکشن کمیشن کیس:عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی
کیپشن: توہین الیکشن کمیشن کیس:عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

ایک نیوز: توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی سماعت 24اکتوبرتک ملتوی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہیں،پروڈکشن آرڈر جاری کریں تاکہ چیئرمین پی ٹی آئی یہاں پیش ہوں،میرے پچھلے جواب سے غلط فہمی پیدا ہوئی ہے۔

ممبر نثار درانی  نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر ہم نکال لیتے ہیں۔

ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی  نے کہا کہ ہم چارج فریم کردیں گے،اپنے دفاع میں جو پیش کرنا ہے وہ آپ کی مرضی ہے۔ 

ممبر نثار درانی  نے کہا کہ آپ یہی چاہتے ہیں کہ ہم شوکاز نوٹس پر آرڈر جاری کریں۔

شعیب شاہین  نے کہا کہ جی میں بالکل یہی چاہتا ہوں۔

ممبر نثار درانی  نے کہا کہ شوکاز نوٹس کا جواب آپ جمع کرائیں ہم پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ہیں ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کونسے جیل میں ہیں،ہم سیکیورٹی کیلئے آئی جی کو لکھ دیتے ہیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ سیکورٹی کے بہانے باقی عدالتوں میں  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیش نہیں کیا جارہا۔

ممبر نثار درانی  نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تو پہلے یہاں پر آتے نہیں تھے اب پروڈکشن آرڈر کا کہہ رہے ہیں۔

شعیب شاہین  نے کہا کہ آپ پہلے پروڈکشن آرڈر جاری تو کریں تاکہ باہر نکل آئے۔

ممبر اکرام اللہ  نے کہا کہ آپ یہ تو نہیں چاہتے کہ ہم ان کے پاس چلے جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی۔