رجسٹرڈافغان باشندوں کو تنگ نہ کیاجائے،نوٹیفکیشن جاری

رجسٹرڈافغان باشندوں کو تنگ نہ کیاجائے،نوٹیفکیشن جاری
کیپشن: رجسٹرڈافغان باشندوں کو تنگ نہ کیاجائے،نوٹیفکیشن جاری

ایک نیوز: وفاق نے چیف سیکرٹریز، محکمہ داخلہ اور تمام صوبے کے آئی جیز کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ رجسٹرڈ افغان باشندوں کو تنگ نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وفاق نے تمام صوبوں کو مراسلے میں ہدایت دی ہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار اور ہراساں نہ کیا جائے، پروف آف ریسیڈنٹ (پی او آر) اور افغان شہریت کارڈ رکھنے والے رجسٹرڈ افغان مہاجرین  کو گرفتار نہ کیا جائے، رجسٹرڈ افغان مہاجرین صرف اپنی مرضی سے اور رضاکارانہ طور پر وطن واپس جا سکتے ہیں، اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو پہلے ہی بار بار ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

مراسلہ میں کہا گیا کہ قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو بلاوجہ تنگ کرنے سے پاکستان کی ساکھ اور چار دہائیوں کے جذبہ خیر سگالی کا کردار متاثر ہو گا، افغان مہاجرین کو گرفتار کرنے حراست میں رکھنے اور  ہراساں کرنے سے پاکستان کی اڑتالیس سالوں میں کمائی گئی نیک نیتی بری طرح متاثر ہو گی، رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو ہراساں نہ کرنے کے حوالے سے تمام صوبے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

یاد رہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، اب تک 1172 افراد کی جانچ پڑتال عمل میں لائی گئی اور 511 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف 69 مقدمات درج کر کے مجاز عدالتوں میں پیش کردیا گیا۔

غیر قانونی تارکین وطن کو دی گئی مہلت میں صرف 23 روز باقی رہ گئے ہیں، تاہم غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنا ہوگا، بصورت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتاری اور ملک بدری کو یقینی بنائیں گے۔