حماس کےاسرائیل پرحملوں کے پیچھےایران کےملوث ہونے کےثبوت نہیں،امریکا

Oct 11, 2023 | 08:31 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس کوئی ثبوت نہیں کہ حملے کی منصوبہ بندی یا اس پر عمل درآمد میں ایران براہ راست ملوث ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کل اسرائیل کیلئے روانہ ہوں گے جہاں وہ جمعرات کو اسرائیلی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جیک سلیوان نے حماس کے حملے کے بعد سے 20 یا اس سے زائد امریکیوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ اس سے قبل 14 امریکیوں کی ہلاکتوں کی بھی تصدیق کی گئی تھی۔

دوسری جانب اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور بمباری کو اسرائیل کا حق اور فرض قرار دے دیا ہے۔

امریکی صدر نے اسرائیل کو اپنے ساتھ کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں کا جواب دینا اسرائیل کا حق اور فرض ہے، امریکا یقینی بنائے گا کہ اسرائیل اپنا دفاع کرسکے۔

امریکی صدر نے اسرائیل میں حماس کے حملوں میں 14 امریکیوں کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی۔

اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران حماس کے حملوں کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حماس جیسے حملے ہولوکاسٹ کے بعد کبھی نہیں دیکھے۔

مزیدخبریں