سوات میں بدامنی کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

سوات میں بدامنی کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

ایک نیوز نیوز: سوات کے علاقے مینگورہ میں امن و امان کے قیام کے حق اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مینگورہ کے نشاط چوک میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سفید جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جبکہ شرکا نے دہشتگردی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھاکہ سوات میں بےامنی برداشت نہیں کی جائےگی، شہریوں کو تحفظ دینا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سر پرستوں کے خلاف کارروائی کرے۔

مظاہرے میں سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی، جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد، منظور پشتین اور افراسیاب خٹک سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی '' SWAT'' کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ چلتا رہا جس میں صارفین نے مسائل کو اجاگر کیا اور آواز بلند کی۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے خیبرپختونخوامیں دہشتگردی سے متعلق کل  اہم اجلاس طلب کر لیا ،اجلاس میں اعلی عسکری حکام، چیف سیکرٹری کے پی اور آئی جی کے پی بھی شریک ہوں گے ،اجلاس میں سوات کے امن و امان سمیت سکول واقعے پر بھی بریفنگ دی جائے گی،اجلاس میں صوبے کے پی کے  سیکیورٹی پر مشاورت ہو گی اور اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔