ایک نیوز نیوز: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے اور انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخیں متصادم ہوگئی ہیں۔
نیوزی لینڈ میڈیا کاکہنا ہے کہ آئی پی ایل اور دورہ پاکستان کے دوسرے مرحلے کی تاریخیں متصادم ہونے سے کئی کیویز کھلاڑی دوسرے مرحلہ کے دورہ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
اس پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ کیوی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت ہو گی۔ کھلاڑیوں کی مرضی ہے کہ وہ آئی پی ایل کھیلتے ہیں یا پاکستان کے دورے کے دوسرے مرحلے میں شامل ہوتے ہیں۔
ڈیوڈ وائٹ نےمزید کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے تمام کھلاڑی پہلے مرحلے میں دورہ پاکستان کے لیے پر امید ہیں۔ ہم اپنے سارے کھلاڑیوں کیساتھ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں اور کرکٹ پلیئرز ایسوسی ایشن کے ساتھ بات کوئی نہیں ہوئی ہے ۔ کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے صورتحال سے اپ ڈیٹ کر رہا ہوں۔ مکمل یقین دہانی اور اطمینان کے بعد دورہ پاکستان کا 2 مرحلوں میں فیصلہ کیا گیاہے۔ ہمارے4 رکنی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور سب وینیوز اور ہوٹلز میں گئے ہیں۔ وفد نے پاکستانی اتھارٹیز کے ساتھ کام کیا ہے۔
ڈیوڈ وائٹ نے مزید کہا کہ دورے کے حوالے سے نیوزی لینڈ حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔ کرسمس کے فوری بعد دورہ پاکستان ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور ورلڈ کپ کی کوالیفکیشن کے لیے اہم ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس کے بعد 13 اپریل سے 7 مئی تک دوسرے مرحلے میں 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔