خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بغیرکارروائی کے 28نومبرتک ملتوی

Nov 11, 2023 | 12:32 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں چیئر مین پی ٹی آئی کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث 28 نومبرتک ملتوی کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق چیئر مین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت سول جج محمد مرید عباس نے کی، چیئر مین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، بیرسٹرسلمان صفدر مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہ ہوسکے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے ، رضوان عباسی نے کہا کہ میں دلائل دینے کو تیار ہوں، اگر وکیل صفائی کی موجودگی میں دلائل دینے ہیں تو تاریخ دے دیں۔

جج مرید عباس نے ریمارکس دیے کہ دلائل سلمان صفدر کی موجودگی میں ہی ہوں گے، جس دن چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس ہوتا ہے اور کوئی کیس نہیں سن سکتا،  آج بھی فری بیٹھا ہوں، میں ہائی کورٹ کو مہنگا پڑھ رہا ہوں 13 ہزار دیہاڑی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے 4 کیسز ہیں اور پورا دن ضائع ہو جاتا ہے ۔

جج مرید عباس نے کہا کہ 2 دسمبر کی تاریخ رکھ لیتے ہیں ، ہفتے کے روز سماعت رکھ لیتا ہوں ہفتے کو ہائیکورٹ سپریم کورٹ چھٹی ہوتی ہے، ہر ہفتے سماعت نہیں رکھ سکتا کیونکہ باقی کیسز بھی دیکھنے ہیں۔

وکیل صفائی خالد یوسف نے کہاکہ سائفر کیس میں ہر منگل سماعت ہوتی ہے اس کیس میں بھی منگل کا دن رکھ لیں۔

عدالت نے وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی ۔

مزیدخبریں