پرویز مشرف کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

Nov 11, 2023 | 12:12 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سپریم کورٹ نےسابق صدر پرویز مشرف کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سنگین غداری کیس کا ٹرائل کرنے والی خصوصی عدالت کالعدم قرار دینے کا معاملہ پر سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ سے مقدمہ کی کارروائی کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ سے خصوصی بنچ کی تشکیل اور سماعت کیلئے مقرر کرنے کا ریکارڈ بھی طلب، عدالت کا لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف تمام اپیلوں کو نمبر الاٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ سابق صدر  پرویز مشرف کے علاوہ تمام فریقین کو نوٹس جاری  کیے جاتے ہیں۔

حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو نوٹس انکے انتقال ہونے کی وجہ سے جاری نہیں کیا جا رہا، تاہم سابق صدر کے اہلخانہ چاہیں تو مقدمہ کا حصہ بن سکتے ہیں۔

درخواست گزاروں کے مطابق خصوصی عدالت کی تمام کارروائی اسلام آباد میں ہوئی، اسلام آباد کی عدالت لاہور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، لاہور ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت سے متعلق سپریم کے احکامات نظرانداز کیے۔

 درخواست گزاروں کے مطابق سپریم کورٹ پہلے خصوصی عدالت کو متعدد ہدایات دے چکی تھی، لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ناقابل سماعت تھی، درخواست گزاروں کے اٹھائے گئے قانونی نکات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ چیمبر احکامات کے باوجود اعتراضات کیخلاف اپیل مقرر نہ ہوئی اور درخواست گزار کا انتقال ہوگیا، عدالت میں موجود کسی ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور سینئر وکلاء نے اپیل مقرر کرنے پر اعتراض نہیں کیا، رجسٹرار اعتراضات کیخلاف پرویز مشرف کی اپیل منظور کی جاتی ہے۔

حکمنامے کہا گیا کہ پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر کے مطابق وہ ان کی بیوہ اور بچوں سے رابطے میں ہیں، وکیل کے بقول وہ سابق صدر کے اہلخانہ سے اپیل مقرر ہونے پر ہدایات لیں گے، پرویز مشرف کی سزائے موت کیخلاف اپیل پر سماعت 21 نومبر کو ہوگی۔

مزیدخبریں