ایک نیوز: وزیر اعلی پنجاب کا رات گئے بے نظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا 3 گھنٹے طویل دورہ۔ محسن نقوی نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کے لیے فراہم کردہ طبی سہولتوں کا جائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک کے استقبالیہ پر موجود لوگوں سے طبی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کی۔ مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔ وزیر اعلی نے ڈیوٹی ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے بی بی ایچ میں ڈیوٹی پر موجود ہولی فیملی ہسپتال کے ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز کو سراہا۔ تفصیلی دورے کے دوران وزیر اعلی نے ہولی فیملی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا اور ہسپتال کی اولڈ بلڈنگ۔ اوپی ڈی اور مختلف وارڈز میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلی نے ہسپتال کے آلات اور مشینری کے لئے موثر حفاظتی اقدامات کی بھی ہدایت کی۔