شہدائے پنجاب پولیس کےلواحقین کا دورہ جناح ہاؤس،شدید الفاظ میں مذمت

ایک نیوز: شہداءِ پنجاب پولیس کے لواحقین کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا،پنجاب پولیس کے شہداء کے وارثین نے شہداء کی بے حرمتی اور جناح ہاؤس کی توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

تفصیلات کے مطابق بلاشبہ جن شر پسند لوگوں نے شہداء کی یادگاروں کو بے دردی سے مسمار کیا وہ قومی مجرم، پاکستان کے دشمن اور مسلمانوں کے نام پر دھبہ ہیں،شرپسندوں کے اس گھناؤنے عمل سے تمام شہداء کے وارثین کے دل انتہائی رنجیدہ ہیں،وطن کے دفاع کی خاطر اپنوں کو کھونے کی کمی شہداء کے اہلِ خانہ،بچوں اور والدین سے بہتر کوئی نہیں محسوس کر سکتا۔

پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے شہداء ہمارا فخر ہیں جنکی وجہ سے پاکستان پر میلی آنکھ اُٹھانے والے ہمیشہ ناکام ہوئے،ہم حکومتِ وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شرپسندوں کو جوکہ دہشت گرد ہیں ان کو جلد سے جلد فوجی عدالتوں میں پیش کرکے انکی سزاؤں کا تعین کیا جائے۔جنہوں نے شہداء کی یادگاروں کو جلاکر دشمن کو خوش کیا ان کیخلاف بلاتاخیر اور بلاامتیاز کارروائی فوجی عدالتوں میں ہونی چاہئیے اور اس معاملے میں ذرہ نرمی نا برتی جائے۔