ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیر آباد میں لانگ مارچ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پرفائرنگ کرنیوالے ملزم کو پکڑنے والے پی ٹی آئی کارکن ابتسام حسن کی ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ابتسام حسن کی بہادری اور جرأت کی تعریف کی اور 25 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ابتسام حسن پوری قوم کا ہیرو ہے۔ جس نے جان پر کھیل کر ملزم کو پکڑا۔ آپ کا یہ کارنامہ کسی بھی ترازو میں نہیں تولا جا سکتا۔
چودھری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ قوم ابتسام حسن کی دلیری کو سلام پیش کرتی ہے۔ آپ نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑ کر بڑا کارنامہ سرانجام دیا۔ آپ جیسے بہادر نوجوان پر ناز ہے۔ آپ کے بروقت ایکشن نے کسی بڑے حادثے سے بچایا۔
ابتسام حسن کو بہادری پر عمران خان صاحب کی جانب سے بھی 25 لاکھ انعام دیا گیا ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے بھی 25 لاکھ دیا گیا https://t.co/HpXe2T6nVy
— Azhar Mashwani (@MashwaniAzhar) November 11, 2022
اس ملاقات میں ابتسام حسن کے ماموں ناصر محمود بھی موجود تھے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی نے ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ ابتسام حسن کو عمران خان کی جانب سے الگ 25 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔