آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کیلئے شہباز شریف لندن گئے، خواجہ آصف

Nov 11, 2022 | 18:23 PM

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف لندن کیوں گئے تھے؟ لیگی رہنما خواجہ آصف نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف کی تعیناتی پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ملاقا ت میں ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کا بیان بھی ایک اشارہ ہے، میرا خیال ہے ایک دو روز میں کچھ نہ کچھ سامنے آ جائے گا، ہم نے تعیناتی پر مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ پر ہتھیار نہیں ڈالے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ 2013 اور2018 کی تعیناتیوں کی سمری بھی 18 تاریخ کے بعد بھجوائی گئی تھی، اگر سمری 18 نومبر کے بعد آتی ہے تو پرانی روایت برقراررہے گی، آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ 5/6 روز سے شروع ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان پرحملہ قابل مذمت ہے لیکن وہ اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں، عمران خان کو گولیاں نہیں لگیں، صرف گولیوں کے ذرے لگے ہیں، عمران خان نے حملے کے بعد جو تنازع بنایا اس سے ان کی ہمدردیاں دم توڑ رہی ہیں۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے دور میں توشہ خانہ کی قیمتی گھڑیوں کی جگہ جعلی گھڑیاں رکھ دی جاتی تھیں، عمران خان نے ساری زندگی اپنے محسنوں کا احسان یاد نہیں رکھا، عمران خان اب سعودی ولی عہد کے دورے کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، اپنا اقتدارچھن جانے کا اتنا دکھ ہے کہ ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل ہوا ہے، ثابت ہو گیا کہ انہیں کس نے باہر بھیجا ؟ نواز شریف سے بات ہوئی ہے، وہ جلد واپس آئیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ نوازشریف اس وقت واپس آئیں جب حالات کی سمت متعین ہو جائے۔

مزیدخبریں