ایک نیوز نیوز: لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہر میں سڑکیں بند، عوام خوار اور انتظامیہ سوتی رہی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ راولپنڈی کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے احتجاج راستوں اور تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سماعت کی۔
کمشنر راولپنڈی، ڈی سی راولپنڈی، ایس ایس پی آپریشن عدالت میں پیش ہوئے، راستوں اور تعلیمی اداروں کی بندش پر لاہور ہائیکورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے کمشنر راولپنڈی سے استفسار کیا کہ آپ راستے بند کرنے والوں کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں، تحریری طور پر بیان حلفی جمع کروائیں کہ راستے بند کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرینگے، راستے بند کئے گئے آپ نے کارروائی کیوں نہیں کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ دفاتر میں بیٹھے رہے اور عوام سڑکوں پر خوار ہوتے رہے، شہر میں سڑکیں بند رہیں اور انتظامیہ سوتی رہی، پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راستوں کو بند کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف روزی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے آئندہ سماعت پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور مکمل رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔